ویب ڈیسک: یومِ عاشورہ کی تعطیلات کے باعث سرکاری ملازمین کو 4 روزہ طویل ویک اینڈ ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے باضابطہ تعطیلات کا نوٹیفکیشن تاحال جاری نہیں کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 15 جون کو محرم الحرام کا چاند نظر نہ آنے کے بعد نئے اسلامی سال 1448 ہجری کا آغاز بدھ 17 جون 2026 سے ہوگا۔ چاند کی رویت نہ ہونے کے باعث ہجری کیلنڈر میں تبدیلی کے بعد نویں محرم الحرام جمعرات 25 جون اور دسویں محرم الحرام (یومِ عاشورہ) جمعہ 26 جون 2026 کو ہونے کا امکان ہے۔
روایتی طور پر وفاقی حکومت 9 اور 10 محرم کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کرتی ہے تاکہ مجالس، ماتمی جلوسوں اور سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر طریقے سے یقینی بنایا جا سکے۔
اس سال اگر 25 اور 26 جون کو تعطیلات کا اعلان کیا جاتا ہے تو ان کے بعد ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار چھٹیاں آنے کے باعث ملازمین کو مسلسل چار روز کا طویل ویک اینڈ میسر آ سکتا ہے۔
تاہم حتمی صورتحال کا دارومدار وفاقی حکومت کے باضابطہ نوٹیفکیشن پر ہے، جس میں تعطیلات کے ساتھ سیکیورٹی اور انتظامی ہدایات بھی شامل ہوں گی۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت نے یکم محرم الحرام (17 جون) کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت تمام سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
ملک بھر میں محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات اور خصوصی انتظامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔