پاکستان فلم انڈسٹری کے مشہور ہدایت کار سید نور نے اپنی اہلیہ اداکارہ صائمہ سے شادی سے متعلق ایک حیران کن انکشاف کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ صائمہ نے 1987ء میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔ انہوں نے اردو اور پنجابی زبانوں میں بننے والی 150 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ سید نور نے اپنی شروعات 1970ء میں کی۔ انہوں نے اب تک پنجابی اور اردو زبان کی 100 سے زائد فلمیں بنائی ہیں۔ صائمہ اور سید نور کے درمیان فلم ’گھونگھٹ‘ کی شوٹنگ کے دوران تعلقات استوار ہوئے، اس فلم میں صائمہ کے علاوہ ریشم، شان اور ارباز خان بھی ایکشن میں نظر آئے تھے۔ رومانٹک تھرلر فلم میں صائمہ لولی وڈ اسٹار شان سے رومانس کرتی نظر آئی تھیں، 1996 میں ریلیز ہونے والی اس فلم کا گانا ’دیکھا جو چہرہ تیرا‘ انتہائی مقبول ہوا تھا۔ تفصیل کے مطابق سید نور نے پہلی بار انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اداکارہ صائمہ سے شادی کو 10 سالوں تک چھپائے رکھا تھا جبکہ ہماری فیملی ہی اس شادی کو ختم کروانے کی کوششں کرتی رہی۔ نجی ٹیلی وژن کو ایک انٹرویو میں سید نور نے کہا کہ ان کی پہلی اہلیہ رخسانہ نور گھریلو خاتون تھیں۔ یہ بات درست نہیں کہ ان کی فلموں میں رخسانہ نور کا بھی کوئی کردار تھا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ جب رخسانہ نور کو صائمہ سے محبت کا پتا چلا تو وہ سخت ناراض مگر پھر وہ مان بھی گئیں اور ان کی دوسری شادی کو سب سے پہلے انہوں نے ہی قبول کیا۔ سید نور کا کہنا تھا کہ مجھے صائمہ کو دیکھتے ہی ان سے پیار ہو گیا تھا لیکن اس کا اظہار انہوں نے کئی سال تک نہیں کیا۔ فلم ’گھونگھٹ‘ کے بعد صائمہ کے ساتھ محبت ہوئی۔ ہدایت کار سید نور نے انکشاف کیا کہ میری اور صائمہ کی شادی 1998ء میں ہوئی تھی مگر اس بارے میں 2007ء میں لوگوں کو علم ہوا۔ خیال رہے کہ 2018 میں سید نور اور صائمہ کے درمیان اختلافات اور طلاقوں کی افواہیں پھیلی تھیں، جس پر دونوں نے وضاحت دیتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دیا تھا۔