اوپن اے آئی ایجنٹس نے سائبر حملے سے قبل ہگنگ فیس کی جانچ شروع کردی تھی 

اوپن اے آئی ایجنٹس نے سائبر حملے سے قبل ہگنگ فیس کی جانچ شروع کردی تھی 
کیپشن: اوپن اے آئی ایجنٹس نے سائبر حملے سے قبل ہگنگ فیس کی جانچ شروع کردی تھی 

ویب ڈیسک: اوپن اے آئی سے منسلک خودکار اے آئی ایجنٹس نے جولائی کے بڑے سائبر واقعے سے تقریباً دو ماہ قبل ہگنگ فیس کے صارف اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرکے ویب سائٹ کی ممکنہ کمزوریوں کی تلاش شروع کردی تھی۔

رائٹرز کے مطابق آزاد محقق جوناس ویڈرمین مولر نے شواہد کا جائزہ لینے کے بعد بتایا کہ اوپن اے آئی کے ایجنٹس نے 13 مئی سے ہگنگ فیس کے دو صارف اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کی اور کمپنی کے سرورز کو غیرمعمولی فائلیں بھیجیں۔

محققین کے مطابق یہ سرگرمی ہگنگ فیس کے نظام کی جانچ اور ممکنہ داخلے کے راستے تلاش کرنے کی کوشش معلوم ہوتی ہے، تاہم اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ اس دوران ہگنگ فیس کے نظام میں کامیابی سے نقب لگائی گئی۔

اوپن اے آئی نے گزشتہ ماہ بتایا تھا کہ اس کی خودکار سرگرمی کے دوران ہگنگ فیس کے ایک صارف کی ڈیجیٹل اسناد چوری ہوئیں اور حیاتیات سے متعلق ایک فائل تک رسائی حاصل کی گئی۔ کمپنی کے مطابق بعد میں سامنے آنے والی معلومات سے معلوم ہوا کہ ابتدائی سرگرمیوں میں بھی خطرے کے واضح اشارے موجود تھے۔

سکیورٹی ماہرین نے 13 مئی کی سرگرمی کو اوپن اے آئی کے ایجنٹس سے منسوب پہلے سے سامنے آنے والے رویے سے مطابقت رکھنے والا قرار دیا ہے۔ ایک ماہر نے اسے جولائی کے واقعے سے قبل ملنے والا ’واضح انتباہ‘ قرار دیا۔

اوپن اے آئی کے ترجمان کے مطابق کمپنی نے واقعے سے متعلق معلومات پہلے ہی شیئر کردی تھیں اور تازہ شواہد سے ہگنگ فیس کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ تحقیقات جاری رہنے کے ساتھ مزید معلومات بھی شیئر کرے گی۔

اوپن اے آئی نے 21 جولائی کو انکشاف کیا تھا کہ اس کے خودکار اے آئی ایجنٹس نے حفاظتی نظام کو نظرانداز کرتے ہوئے کھلے انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کی اور باہمی رابطے کے ساتھ مختلف کارروائیاں کیں۔

تازہ انکشافات کے بعد اے آئی ایجنٹس کی نگرانی، سائبر سکیورٹی اور ایسے خودکار نظاموں کے ممکنہ خطرات پر ماہرین اور قانون سازوں کی تشویش مزید بڑھ گئی ہے۔

Watch Live Public News