ویب ڈیسک: پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل فہیمہ اعوان نے اپنی زندگی کے ایک نہایت دردناک باب کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ میں عید کے دن بیوہ ہوئی۔
فہیمہ اعوان نے جذباتی انداز میں انکشاف کیا کہ ان کے شوہر کا انتقال عیدالفطر کے پہلے روز ہوا تھا، اور یہ خبر انہیں اُس وقت ملی جب وہ مکہ مکرمہ میں عبادت میں مشغول تھیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ یہ ایک ایسا لمحہ تھا جس نے اُن کی زندگی کو یکسر بدل دیا، اور تب سے عید کا پہلا دن ان کے اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صرف خوشی نہیں بلکہ گہرے دکھ کی علامت بن چکا ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کی بیٹی اپنے والد کے بہت قریب تھی اور ہر عید پر اس کی کمی شدت سے محسوس کرتی ہے۔’میری بیٹی اکثر اس دن اپنے کمرے میں بند رہتی ہے، لیکن اس سال میں نے فیصلہ کیا کہ ہم اس غم کو خوشی میں بدلنے کی کوشش کریں گے۔ میں نے اسے کہا کہ اپنا غرارہ نکالے تاکہ ہم عید کی تیاری کریں اور ماحول کو خوشگوار بنائیں۔‘
فہیمہ اعوان نے مزید بتایا کہ انہوں نے گھر کے تمام افراد کو باہر لے جانے اور وقت خوشگوار انداز میں گزارنے پر آمادہ کیا تاکہ تنہائی کے بجائے باہمی موجودگی سے دلوں کو سکون ملے۔
اداکارہ نے کہا ‘اگرچہ دل کا درد ابھی بھی زندہ ہے، لیکن زندگی کو آگے بڑھانے کے لیے خوشی کے لمحات کو تلاش کرنا اور بانٹنا ضروری ہے۔ میں اپنی تکلیف کو دل میں رکھ کر اپنے پیاروں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کی کوشش کر رہی ہوں۔‘