این ڈی ایم اے کا ملک بھر میں بارش اور برف باری کا الرٹ

این ڈی ایم اے کا ملک بھر میں بارش اور برف باری کا الرٹ
کیپشن: این ڈی ایم اے کا ملک بھر میں بارش اور برف باری کا الرٹ

ویب ڈیسک: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) نے اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک، تیز بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، کالام، مالاکنڈ، کوہستان، مینگورہ، بٹگرام، ہری پور، پشاور اور مانسہرہ میں بارش اور آندھی متوقع ہے۔ ایبٹ آباد، مردان، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں بھی آندھی اور بارش کی پیش گوئی ہے۔

اس کے علاوہ اسلام آباد اور پنجاب کے شہروں راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین میں بھی بارش اور تیز ہوائیں متوقع ہیں۔ بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، پشین، بارکھان اور کوہلو میں بھی بارش اور آندھی کا امکان ہے۔

شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے کیونکہ تیز ہوائیں، آسمانی بجلی، ژالہ باری اور برف باری کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔  سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے اور  پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز، گاڑی احتیاط سے چلانے اور موسمی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔

Watch Live Public News