(ویب ڈیسک ) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے پارلیمانی پینل کے سامنے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے بھکاریوں کے منظم گروہوں اور غیر قانونی تارکین وطن کو بیرون ملک سفر کرنے سے روکنے کے لیے اس سال 66,154 مسافروں کو آف لوڈ کیا۔
قائمہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو سید رفیع اللہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس کے کانسٹی ٹیوشن روم میں منعقد ہوا۔جس میں مسافروں کو آف لوڈنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کےتحفظ میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشی نیٹ ورک کے کردار و کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
ڈی جی ایف آئی اے نے کمیٹی کو ایئرپورٹس پر آپریشنل حقائق بارے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ رواں سال 66,154 مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا، ان میں سے 51,000 افراد کو ان کے سفری دستاویزات کی قابل اعتراض تصدیق کی وجہ سے روکا گیا جو تین اہم زمروں میں آتے ہیں: ورک ویزا، سیاحتی ویزے اور عمرہ ویزے۔
ڈی جی ایف آئی اے نے بتایا کہ غیر قانونی نقل مکانی اور بھیک مانگنے والے حلقے پاکستان کے بین الاقوامی امیج کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے 56,000 بھکاریوں کو ملک بدر کیا گیا، اس کے علاوہ افریقہ اور یہاں تک کہ کمبوڈیا اور تھائی لینڈ جیسے ممالک میں سیاحتی ویزوں پر بھی غیر قانونی نقل مکانی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔
ایف آئی اے حکام نے انسانی سمگلنگ کو روکنے اور پاکستان کے بین الاقوامی موقف کے تحفظ کے لیے ضروری سخت اقدامات کا دفاع کیا۔
ڈی جی ایف آئی اے نے نوٹ کیا کہ آف لوڈنگ میں اضافہ جعلی مائیگریشن رِنگز کے خلاف ایک جوابی اقدام ہے ۔ ایف آئی اے حکام نے یو اے ای کی طرف سے بڑھتی ہوئی پابندیوں اور افریقہ و یورپ کی طرف بڑھتے ہوئے غیر قانونی نقل مکانی کے راستوں کی طرف توجہ دلائی ۔
کمیٹی نے ایف آئی اے اور وزارت داخلہ کو ہدایت کی کہ وہ آف لوڈنگ کے لیے ایک واضح ایس او پیز کو حتمی شکل دے کر شائع کریں اور اس کو آپریشنل کریں اور ایئر پورٹ پر نظر آنے والی شکایات کا طریقہ کار بنائیں۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ ایک رسک اینالیسس یونٹ بنایا گیا ہے اور ایک "IMMI" موبائل ایپلیکیشن تیار کی جا رہی ہے تاکہ روانگی سے قبل اسکریننگ اور امیگریشن کاؤنٹرز کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کو بہتر بنایا جا سکے۔
اراکین نے ایف آئی اے سسٹمز اور Protectorate/E-Protector پلیٹ فارم کے درمیان فوری انٹرآپریبلٹی پر زور دیا تاکہ مسافروں کے ایئرپورٹ کاؤنٹر تک پہنچنے سے پہلے تصدیق اور "اوکے ٹو بورڈ" کی جانچ پڑتال کی جائے۔
کمیٹی اراکین نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو اس بارے میں آگاہ کیا جانا چاہیے کہ کس طرح ایک مسافر آف لوڈنگ کے فیصلے کو چیلنج کر سکتا ہے اور تمام ایئرپورٹس پر رابطہ کی تفصیلات اور ایک آن لائن شکایت فارم آویزاں کیا جائے۔