بالی ووڈ اداکارسدھارتھ ملہوترا کے والد انتقال کرگئے

بالی ووڈ اداکارسدھارتھ ملہوترا کے والد انتقال کرگئے
کیپشن: بالی ووڈ اداکارسدھارتھ ملہوترا کے والد انتقال کرگئے

ویب ڈیسک: سدھارتھ ملہوترا کے والد سنیل ملہوترا کا انتقال ہوگیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیل ملہوترا دہلی میں وفات پا گئے۔ اداکار نے اپنے والد کے انتقال کی خبر سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔ بتایا گیا ہے کہ سنیل ملہوترا طویل عرصے سے علیل تھے اور بیماری کے باعث کافی عرصے تک زیرِ علاج رہے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی آخری رسومات ادا کر دی گئی ہیں اور سدھارتھ ملہوترا اس وقت اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ دہلی میں موجود ہیں اور کچھ عرصہ وہیں قیام کریں گے۔ قریبی ذرائع کے مطابق اداکار اپنے والد کے بہت قریب تھے اور ان کے انتقال نے پورے خاندان کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔

سنیل ملہوترا سابق مرچنٹ نیوی کے کمانڈر تھے اور سدھارتھ کی بچپن اور پیشہ ورانہ زندگی میں ان کا کردار اہم رہا۔

سدھارتھ ملہوترا نے اپنے والد کے لیے جذباتی پیغام میں لکھا کہ وہ غیر معمولی دیانت داری، اصول پسندی اور تہذیب کے مالک انسان تھے جنہوں نے ہمیشہ اپنی اقدار کے مطابق زندگی گزاری۔ مرچنٹ نیوی کے کیپٹن کے طور پر سمندروں کی کمان سنبھالنے سے لے کر بیماری کا بہادری سے مقابلہ کرنے تک، انہوں نے کبھی ہمت نہیں ہاری۔

اداکار نے مزید کہا کہ فالج کے باعث والد کے وہیل چیئر تک محدود ہونے کے باوجود ان کا حوصلہ بلند رہا۔ سدھارتھ نے اپنے پیغام میں لکھا: ’’پاپا، آپ کی دیانت داری میری میراث ہے، آپ کی طاقت ہر روز میری رہنمائی کرتی ہے، آپ کی مثبت سوچ آج بھی اس خاندان کو جوڑے ہوئے ہے، مگر جو خلا آپ نے چھوڑا وہ ناقابلِ پیمائش ہے۔‘‘

Watch Live Public News