موجودہ ہاکی مینجمنٹ کےساتھ کام نہیں کرسکتے،کپتان عمادبٹ

موجودہ ہاکی مینجمنٹ کےساتھ کام نہیں کرسکتے،کپتان عمادبٹ
کیپشن: موجودہ ہاکی مینجمنٹ کےساتھ کام نہیں کرسکتے،کپتان عمادبٹ

ویب ڈیسک: کپتان قومی ہاکی ٹیم عماد بٹ نے کہا ہے کہ موجودہ ہاکی مینجمنٹ کے ساتھ وہ کام نہیں کر سکتے اور ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کے ساتھ بہت جھوٹ بولا ہے۔

لاہور میں وطن واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عماد بٹ نے سوال اٹھایا کہ کھلاڑی صبح اُٹھ کر کچن اور برتن صاف کرنے کے بعد میدان میں کیسے بہترین کھیل پیش کریں گے؟ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کو غیر ملکی کوچ کی فوری ضرورت ہےجبکہ ٹیم کے ساتھ زیادتی اور غیر منصفانہ رویے کا نوٹس لیا جانا چاہیے۔

کپتان نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں سے کہا گیا کہ باہر کوئی بات نہ کریں ورنہ پابندی لگائی جائے گی۔ دیگر کھلاڑیوں نے بھی بتایا کہ آسٹریلیا میں سڑکوں پر قیام کرنا پڑا، جس سے ٹیم کا مورال متاثر ہوا۔

عماد بٹ نے واضح کیا کہ طاہر زمان اور دیگر افراد کے الزامات سب بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسپانسر ڈھونڈنا پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کام ہے، نہ کہ کھلاڑیوں کا، اور ان کے ساتھ بہت جھوٹ بولا گیا، تاہم خود پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔ انہوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے کوڈ آف کنڈکٹ پر عمل نہ کرنے کی بھی نشاندہی کی۔

اسی دوران ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ نورالصباح نے بتایا کہ آسٹریلیا میں ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں کے ہوٹل کی بکنگ منسوخ کر دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن اس واقعے کی ذمہ دار ہے اور مکمل انکوائری وزیراعظم کو ارسال کی جائے گی۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بد انتظامی کا نوٹس بھی لے رکھا ہے۔

نورالصباح نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کی خوراک اور رہائش درست نہ ہونے کی صورت میں ان کی کارکردگی پر منفی اثر پڑتا ہے، جس پر فوری توجہ دی جانی چاہیے۔

Watch Live Public News