ویب ڈیسک: ملک میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، پہلا روزہ کل 19 فروری بروز جمعرات کو ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں مولانا عبدالخبیر آزاد کی صدارت ہوا۔ جبکہ اسلام آباد سمیت زونل کمیٹیوں کے اجلاس اپنے صدر مقامات پر ہوئے۔ چاند نظر آنے کا حتمی اعلان چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی نے کیا۔
مولانا عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ رمضان کا چاند نظر آگیا ہے ، پاکستان میں کل پہلا روزہ ہوگا۔اہل وطن کو رمضان المبارک کی آمد مبارک ہو۔ ملک بھر سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج بہادری سے دہشتگردوں کے خلاف لڑ رہی ہے۔فیلڈ مارشل کی قیادت میں معرکہ حق میں بھارت کے خلاف عظیم کامیابی ملی۔
اجلاس میں مرکزی و زونل رویت ہلال کمیٹی پشاور کے ممبران، ڈی جی وزارت مذہبی امور حافظ عبدالقدوس، سپارکو کے نمائندے شوکت اللہ، محکمہ موسمیات کے نمائندے ڈاکٹر حسن علی بیگ اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے زین العابدین شریک ہیں۔
پاکستان کے علاوہ بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ اور بھارت میں بھی رمضان کا چاند نظر آگیا ہے، ان ممالک میں جمعرات 19 فروری کو پہلا روزہ ہوگا۔