پشاور (پبلک نیوز) کورونا وائرس کے دوران مریضوں کی دیکھ بھال کرتے ہوئے شہید ہونے والی نرسوں کو شہداء پیکیج میں شامل نہ کیا گیا۔ پرویژنل نرسنگ ایسوسی ایشن نے آواز بلند کر دی۔
پرویژنل نرسنگ ایسوسی ایشن کی جنرل سیکرٹری انور سلطانہ نے کہا ہے کہ کورونا سے شہید نرسز کو شہداء پیکیج میں شامل نہ کرنا ان کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔ نرسز نے فرنٹ لائن پر کورونا کا مقابلہ کیا لیکن ان کے خاندان کو شہدا پیکج سے محروم رکھ کر ظلم کیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ہیلتھ ورکرز کی فیملیز کو چیک دیئے گئے لیکن ان میں فرنٹ لائن پر ڈیوٹی انجام دینے والی اور جان دینے والی بہادر نرسنگ آفیسرز کو بھلا دیا گیا۔ مسرت دلبر، یاسمین اول خان، روبینہ، گلشن، شہناز اور نادیہ کی قربانیوں کو یکسر نظر انداز کرکے ان کی روح سے زیادتی کی گٸی۔
انور سلطانہ نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز،پیرامیڈیکس اور کلاس فور بھی اس کے حقدار ہیں لیکن حکومت نرسز کو نظر انداز کرکے کیا ثابت کرنا چاہتی ہے۔ نرسز نے کورونا میں جس طرح ایمانداری اور فرض شناسی سے اپنی ڈیوٹی سرانجام دی وہ قابل تحسین ہے۔
انھوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم عمران خان، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور وزیر صحت شہید ہونے والے ان نرسز کو شہداء پیکج میں شامل کرکے ان کے خاندانوں کو انصاف فراہم کریں۔