ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقے خشک جبکہ پہاڑی علاقے سرد موسم کی لپیٹ میں رہیں گے۔
محکمہ کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقوں میں اسموگ کا سلسلہ برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں چند مقامات پر ہلکی دھند بھی پڑ سکتی ہے۔ اسکردو میں ملک کا سب سے کم درجہ حرارت منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک بھر میں مجموعی طور پر موسم خشک رہا جبکہ بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہی۔ پنجاب کے بعض میدانی اضلاع میں ہلکی دھند کے باعث حدِ نگاہ میں کمی دیکھنے میں آئی۔
ادھر لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور سنگین ہے۔ شہر عالمی سطح پر آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 337 ریکارڈ کیا گیا، جو صحت کے لیے انتہائی مضر حد تک آلودگی کی نشاندہی کرتا ہے۔