پیٹرول کی طرح گیس کی قیمتوں میں بھی ہر ماہ اضافہ ہوگا

پیٹرول کی طرح گیس کی قیمتوں میں بھی ہر ماہ اضافہ ہوگا
کیپشن: پیٹرول کی طرح گیس کی قیمتوں میں بھی ہر ماہ اضافہ ہوگا

ویب ڈیسک: حکومت نے پیٹرولیم ڈویژن کو آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی یعنی اوگرا کے آرڈیننس میں ترمیم تجویز کرتے ہوئے گیس کی قیمتوں کو ماہانہ یا سہ ماہی بنیادوں پر ایڈجسٹ کرنے کے لیے میکانزم متعارف کرانے کی ہدایت کی ہے۔

پیٹرولیم سیکٹر کی ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن یعنی ای اینڈ پی کمپنیوں کو درپیش مسائل پر غور کے لیے قائم کردہ کمیٹی کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے توانائی کی حفاظت اور اقتصادی ترقی کے لیے پیٹرولیم سیکٹر کے مسائل حل کرنے کے لیے ایکشن پلان مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

اجلاس میں گیس کی قیمتوں کا تعین ماہانہ یا سہ ماہی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ اس موقع پر مقامی اور غیر ملکی ای اینڈ پی کمپنیوں کے سربراہان نے گردشی قرضے میں اضافے کی وجہ سے سیکٹر کی سیکیورٹی اور استحکام سے متعلق خدشات کے بارے میں اجلاس کو آگاہ کیا۔

اجلاس کے دوران تفصیلی بحث و مباحثے کے بعد پیٹرولیم ڈویژن کو صنعت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی تعاون بڑھاتے ہوئے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کمیٹی نے پیٹرولیم ڈویژن کو اوگرا آرڈیننس میں مناسب ترامیم تجویز کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ گیس کے نرخوں میں ماہانہ یا سہ ماہی بنیادوں پر ایڈجسٹمنٹ کے لیے ایک میکانزم متعارف کرایا جا سکے۔

کمیٹی میں شامل نجی شعبے کے اراکین نے بھی ڈاؤن اسٹریم گیس سیکٹر سے متعلق اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے اس کے استحکام کو بہتر بنانے کے لیے نجی کمپنیوں کے لیے سیکٹر کو کھولنے کی ضرورت پر زور دیا۔

Watch Live Public News