ویب ڈیسک: آئرلینڈ نے کریٹیکل اسکلز ایمپلائمنٹ پرمٹ کے تحت پاکستانی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کیے ہیں، جس سے اہل اور تجربہ کار پیشہ ور افراد آئرلینڈ میں ملازمت حاصل کرسکتے ہیں۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ آف پاکستان کے مطابق اس پروگرام کے لیے آئی کیپ کے اہل ارکان اور متعلقہ اکاؤنٹنگ، آڈٹ یا ٹیکس کے شعبوں میں تجربہ رکھنے والے افراد درخواست دے سکتے ہیں۔
اہلیت میں چارٹرڈ یا سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس اور ٹیکس ماہرین شامل ہیں، جبکہ بعض امیدواروں کے لیے کم از کم 3 سال کا متعلقہ آڈٹ یا ٹیکس تجربہ بھی ضروری ہے۔
درخواست گزار کے پاس آئرلینڈ کے رجسٹرڈ آجر کی جانب سے کم از کم 2 سال کی ملازمت کی پیشکش ہونا ضروری ہے۔ اہل پیشوں کے لیے کم از کم سالانہ تنخواہ 40 ہزار 904 یورو مقرر ہے، جبکہ بعض حالیہ گریجویٹس کے لیے یہ حد 36 ہزار 848 یورو ہے۔
اس پرمٹ کے لیے لیبر مارکیٹ نیڈز ٹیسٹ ضروری نہیں، تاہم درخواست ملازمت شروع ہونے سے کم از کم 12 ہفتے قبل آن لائن جمع کرانا ہوگی اور پروسیسنگ فیس 1 ہزار یورو ہے۔
کریٹیکل اسکلز پرمٹ کے تحت اہل افراد کو خاندان کے ساتھ دوبارہ ملنے کی سہولت بھی حاصل ہوتی ہے، جبکہ مخصوص شرائط پوری کرنے کے بعد اسٹیمپ 4 کے لیے درخواست دی جاسکتی ہے، جس کے ذریعے مزید ایمپلائمنٹ پرمٹ کے بغیر آئرلینڈ میں کام اور رہائش کی اجازت مل سکتی ہے۔
تاہم اسٹیمپ 4 یا کریٹیکل اسکلز پرمٹ آئرلینڈ کی شہریت کی خودکار ضمانت نہیں دیتا، کیونکہ طویل مدتی رہائش اور شہریت کے لیے الگ قانونی شرائط پوری کرنا ضروری ہیں۔