ویب ڈیسک: (شکیل خٹک)29 سال بعد پاکستان میں آج کرکٹ کا بین الاقوامی میلہ سجے گا۔8 ٹاپ ٹیموں میں کانٹے دار مقابلے دیکھنے کیلئے شائقین کرکٹ بے تاب جبکہ کھلاڑی پر جوش ہیں۔کراچی کے عالمی معیار کے اسٹیڈیم میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا بڑا مقابلہ آج ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری کراچی نیشنل بینک اسٹیڈیم میں افتتاحی میچ کے مہمان خصوصی ہونگے۔ پاکستان ائیر فورس کے جانباز آج شیردل شو پیش کریں گے۔چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کراچی نیشنل سٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ دیکھیں گے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی صرف ایک ٹورنامنٹ نہیں بلکہ ثقافت و تہذیب کو فروغ دینے کاخوبصورت سلسلہ بھی ہے۔ تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد پرامن اور محفوظ پاکستان کی جیت ہے۔ میرے سمیت آج ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہے۔ اللہ تعالٰی کا جتنا بھی شکر ادا کروں کم ہے۔ پاکستانی قوم نے ثابت کیا ہے کہ وہ کرکٹ کے دلدادہ ہیں اور کرکٹ سے محبت کرتے ہیں۔
چیمپئنزٹرافی کے حوالے سے فول پروف سیکیورٹی انتظامات:
کراچی میں چیمپئنز ٹرافی میچز کے حوالے سے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والے اجلاس میں دی گئی ۔اجلاس کی صدارت ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد نے کی۔
میچ دیکھنے آنے والے شائقین کے لیے خصوصی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
ایس ایس یو اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 6700 سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ 19، 21 فروری اور 1 مارچ 2025 کو میچز نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائینگے۔
اس حوالے سےایس ایس یو کے 1045 کمانڈوزبشمول لیڈی کمانڈوز اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ سیکیورٹی ڈویژن کے1745، ٹریفک پولیس کے 1390، اسپیشل برانچ کے328 اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔اہلکارنیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم، کراچی ایئرپورٹ، روٹس، پارکنگ پوائنٹس، ہوٹلز اور دیگر مختلف مقامات پر مامورہیں ۔ماہر نشانہ باز بھی حساس مقامات پر تعینات ہیں۔
جدید تربیت یافتہ کمانڈوز پر مشتمل ٹیم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہے گی۔ٹیم اسٹیڈیم کے اطراف گشت پر بھی مامور ہوگی۔
ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصوداحمد نے کہا ہے کہ سندھ پولیس اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ تمام شرکاء کے لیے ایک پر امن اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جائے۔ سیکیورٹی انتظامات دیگر متعلقہ اداروں کے اشتراک کے ساتھ بنایا گیا ہے۔ایس ایس یو کے خصوصی کمانڈ اینڈ کنٹرول بس، اسٹیڈیم کے اطراف امن و امان کی نگرانی کے لیے تعینات کی جائے گی۔ اسٹیڈیم کے اطراف تمام سڑکیں ٹریفک کی آمدورفت کے لیے کھلی رہیں گی۔