ویب ڈیسک: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ کیویز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 47.2 اوورز میں 260 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
کیویز کی ٹیم شروع میں مشکل کا شکار رہی۔ نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 39 رنز پر گرگئی۔ڈیوون کانوے 10 رنز بنا کر ابرار کی گیند پر وکٹ دے بیٹھے۔
نیوزی لینڈ کو دوسرا نقصان کین ولیمسن کی شکل میں برداشت کرنا پڑا۔صرف ایک کے انفرادی اسکور پر نسیم شاہ کی گیند پر ولیمسن محمد رضوان کو کیچ تھما بیٹھے۔
نیوزی لینڈ کو تیسرا نقصان ڈیرل مچل کی شکل میں برداشت کرنا پڑا۔ جو حارث رؤف کی گیند پر شاہین آفریدی کو کیچ تھما بیٹھے۔ انہوں نے 25 گیندوں پر 10 رنز اسکور کیے۔
کیوی بلے باز ول ینگ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 113 گیندوں پر 107 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ لیتھم 118 رنز بنا کر نمایاں رہے۔فلپس کی جانب سے 39 گیندوں پر 61 رنز کی تیز اننگز کھیلی گئی۔انہوں نے 4 چھکے اور 3 چوکے لگائے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور حارث رؤف نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ابرار نے 1 وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پہلی وکٹ 8 رنز پر گری،سعود شکیل 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان 3 رنز بنا کر فلپس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو ئے،فخرزمان 24 رنز بنا کر بولڈ ہوئے، بابراعظم نے 64 ، سلمان علی آغا 42 اور خوشدل شاہ 69 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
فخرزمان پہلے میچ میں زخمی ہوکر گراؤنڈ سے باہر:
چیمپئنز ٹرافی کے افتتاح میچ میں نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں فیلڈنگ کے دوران فخرزمان انجری کا شکار ہو گئے۔میچ کے دوران چوکا روکنے کی کوشش میں قومی بلے باز فخرزمان انجری کا شکار ہو گئے اور گراؤنڈسے باہر چلے گئے۔
تاہم کچھ ہی دیر بعد فخر زمان دوبارہ فیلڈ میں واپس آگئے۔
نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوشش ہو گی مہمان ٹیم کیخلاف بہتر کھیل پیش کریں اور جیت کیساتھ ٹورنامنٹ کا آغاز کریں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ 15 کے 15 کھلاڑی کپتان ہیں، جیت کے لیے نیوزی لینڈ سے اچھا کھیلنا ہوگا، بابر اعظم ہمارے بہترین کھلاڑی ہیں، اننگز وہی اوپن کریں گے، دوسری اننگزمیں یہاں اوس پڑتی ہے، ہم دفاعی چیمپئن ہیں،تھوڑا دباؤ ہوگا۔
اس موقع پر نیوزی لیںڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے کہا ہے کہ میچ میں فتح کیلئے پر امید ہیں، کوشش ہوگی میزبان پاکستان کیخلاف بڑا ٹارگٹ رکھیں اور پریشر میں لائیں، کراچی سٹیڈیم کی وکٹ اچھی لگ رہی ہے، رات میں اوس ہوگی، ٹیم میں فاسٹ باؤلر میٹ ہنری کی واپسی ہوئی ہے۔
قومی سکواڈ
پاکستانی ٹیم میں کپتان محمد رضوان، فخر زمان، بابر اعظم، سعود شکیل، سلمان علی آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔
کیوی ٹیم
نیوزی لینڈ کی ٹیم میں کپتان مچل سینٹنر، ول ینگ، ڈیون کانووے، کین ولیمسن، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مائیکل بریسیول، میٹ ہنری، نیتھن سمتھ اور ول اوررکی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ ایونٹ کا سب سے بڑا پاک بھارت ٹاکرا 23 فروری کو دبئی میں ہو گا، کراچی، لاہور، راولپنڈی اور دبئی میں 8 بہترین ٹیمیں چیمپئن بننے کی جنگ لڑیں گی۔