ویب ڈیسک: برازیل سے تعلق رکھنے والی معروف فٹبالر کیتھلین سوزا نے اسلام قبول کر لیا ہے۔
سعودی فٹبال کلب النصر نے انسٹاگرام پر ایک جذباتی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اس خبر کی تصدیق کی۔ کلب کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا کہ یہ کیتھلین سوزا کی زندگی کا ایک خاص اور اہم لمحہ ہے، اور اس موقع پر ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
ویڈیو پیغام میں کیتھلین سوزا کا کہنا تھا کہ وہ درست راستے اور مثبت تبدیلی کی تلاش میں چھوٹے مگر بامعنی قدم اٹھا رہی ہیں اور زندگی کے اس تحفے پر شکر گزار ہیں۔
فٹبالر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر مسجد الحرام سے تصاویر بھی شیئر کیں، جن میں انہیں عمرہ زائرین میں کھجوریں تقسیم کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ کیتھلین سوزا گزشتہ دو برس سے سعودی کلب النصر سے وابستہ ہیں اور سعودی عرب میں قیام کے دوران اسلامی اقدار سے متاثر ہو کر انہوں نے اسلام قبول کرنے کا فیصلہ کیا۔