ملک بھر میں20 سے 23 جون کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی

ملک بھر میں20 سے 23 جون کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی
کیپشن: ملک بھر میں20 سے 23 جون کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک بھر میں 20 سے 23 جون کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ کے مطابق مون سون ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل ہو چکی ہیں، جس کے باعث ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاور، سوات، ایبٹ آباد اور قرب و جوار میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے درجہ حرارت میں کمی اور موسم خوشگوار ہونے کی امید ہے۔

محکمہ نے کراچی، حیدرآباد، بدین، تھرپارکر اور خضدار میں بھی ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ ان علاقوں میں مختلف اوقات میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

علاوہ ازیں، 22 سے 24 جون کے دوران سکھر، لاڑکانہ، دادو اور جیکب آباد میں آندھی کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔ ان بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی وارننگ بھی دی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی ہے، جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم کی صورتِ حال پر نظر رکھیں۔

Watch Live Public News