اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف بڑی سازش تیار کی جا رہی ہے،پاکستان کو ایسی کھائی میں دھکیلا جا رہا جہاں اندھیرا ہی اندھیرا ہے،پاکستان کے خلاف سازش کے تحت عمران خان کو تیار کیا گیا. سید خورشید احمد شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتحادی حکومت الیکشن میں جانے کے لیے تیار ہے، ہم نے حکومت لے کر احسان کیا، ختم کی جاتی تو ہمارے اوپر احسان ہو گا۔ ہم خوشی سے اقتدار میں نہیں آئے، عوام، میڈیا سب نے عمران سے جان چھڑانے کی منت کی۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ہم نے آئینی طریقے سے عمران کو نکالا، ملکی مسائل کا تمام وزن اپنے اوپر لیا۔ ہم غیر آئینی راستے کی طرف نہیں گئے کہ کل لوگ کہیں کہ الیکٹڈ کو غیر آئینی طریقے سے نکالا۔انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں اقتدار کا شوق ہوتا تو تین سال تک عمران خان کو چارٹر آف اکانومی کا نہ کہتے، پوری دنیا میں کہیں اپوزیشن یہ نہیں کرتی مگر حکومت ملک کے خلاف سازش کا حصہ تھی، جس نے ہماری آفر نہیں مانی۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما خوشید شاہ کا کہنا تھا کہ ایک بات پر کلیئر ہوں، پاکستان کے خلاف بڑی سازش تیار کی جا رہی ہے،پاکستان کو ایسی کھائی میں دھکیلا جا رہا جہاں اندھیرا ہی اندھیرا ہے۔،گزشتہ حکومت کی سازش تھی کہ عوام کو اتنا بھوکا کر کے مارو کہ کھانے کو نہ ملے، پاکستان کے خلاف یہ سازش چالیس سال پہلے کی ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سازش کے تحت عمران خان کو تیار کیا گیا۔ خورشید شاہ نے حکیم سعید کی کتاب جاپان کہانی کا حوالہ بھی دے دیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے ورلڈ کپ جتوانا بھی سازش کا حصہ ہو کہ بندہ تیار کرنا ہے۔ہم خوش ہوں گے اگر کہیں حکومت ختم کرو، ہم شکریہ ادا کریں گے کہ ایک مہینے میں جان چھڑوا دی۔ پی پی رہنما نے کہا کہ ہم سے عوام کی یہ حالت نہیں دیکھی جا سکتی، ایسے حالات میں چند ماہ یا سال کے لیے کون حکومت لیتا، ہم نے تو وزن کندھے پر اٹھایا ہے، ہم نے تو اس لیے حکومت لی کہ ہمارا حال بھی سری لنکا جیسا نہ ہو جائے۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو شوق ہے، جو بیٹھ کر تقریریں کرتے تو ایک آرڈر پاس کر کے آئیں، حکومت لےلیں۔ حکومت ابھی ختم ہوتی تو 90 دن میں الیکشن کرانا بھی لازم اور یہ ممکن بھی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیشہ کہتا تھا عمران خان کو وقت پورا کرنے دیا جائے، خود ڈوب جائے گا،مگر عوام، میڈیا،سمیت سب نے مجبور کیا کہ اپوزیشن عوام کو مروا رہی ہے، ہمیں کہا گیا عمران کو رہنے دیا گیا تو اپوزیشن بھی ذمہ دار ہو گی۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما نے مزید کہا کہ ایک بات سن لو، عمران خان کبھی ہیرو نہیں بنے گا۔ یہ سب عارضی کھیل ہے، جب الیکشن میں جائے گا پتہ چلے گا۔ان کا کہنا تھا کہ صدارتی نظام کسی صورت نہیں آئے گا، ایک ہی طریقہ ہے مارشل لاء لگاؤ، صدارتی نظام آ جائے گا۔ صدارتی نظام کا ایک ہی راستہ ہے آئین کو ختم کریں، اور آئین آرڈیننس سے ختم نہیں ہوتا۔ خورشید شاہ نے آئندہ الیکشن میں عمران خان کے خلاف گرینڈ الیکشن الائنس کا عندیہ دے دیا، انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کی اتنی سازش ہے تو ہمیں بھی مل کر الیکشن لڑنا ہو گا، کوئی سمجھتا اگلا الیکشن آسان نہیں ہو گا، لوگ کفن باندھ کر نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معزز جج صاحبان سے گذارش کرتا ہوں خدا کے واسطے پاکستان کے لیے سوچیں، ٹرانسفر پوسٹنگ عدلیہ کا کام نہیں ہے،جس ملک میں تین تین حکومتیں بنائیں گے، کیسے چلے گا۔آپ ایک آدمی کو ہٹا نہیں سکتے کہ سپریم کورٹ نے منع کیا، یہ کام آپ کا نہیں ہے۔ عدلیہ کا کام عوام کو انصاف دینا ہے۔