(ویب ڈیسک) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پراکسیز اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والی دشمن قوتیں ناکام ہوں گی، دشمن قوتیں ریاست کی مضبوطی اور عوام کے اتحاد کے باعث بالآخر ناکام ہوں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کے اعلیٰ تربیتی معیار، فکری استعداد اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ فیلڈ مارشل نے جدید جنگ کے تیزی سے بدلتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں زیرِ تربیت افسران اور فیکلٹی ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افسران بدلتے ہوئے جنگی تقاضوں کا مؤثر جواب دینے کے لیے اپنی اور اپنے جوانوں کی مسلسل تربیت یقینی بنائیں، افسران پیشہ ورانہ مہارت، تیاری اور آپریشنل برتری کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھیں۔
سی ڈی ایف نے کہا کہ کالج کے فارغ التحصیل افسران اپنی غیر معمولی کارکردگی اور پیشہ ورانہ لگن کے باعث ہمیشہ نمایاں رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور عروج کو پروپیگنڈے، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں دہشت گردی کے ذریعے روکا نہیں جا سکتا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پراکسیز اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والی دشمن قوتیں ناکام ہوں گی، دشمن قوتیں ریاست کی مضبوطی اور عوام کے اتحاد کے باعث بالآخر ناکام ہوں گی۔ پائیدار ترقی عوام دوست حکمتِ عملی اور بہتر طرزِ حکمرانی کے ساتھ مؤثر سیکیورٹی اقدامات سے مشروط ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ابھرتی ٹیکنالوجیز، ملٹی ڈومین آپریشنز، تینوں افواج کے درمیان ہم آہنگی اور مستقبل کے جنگی چیلنجز سے باخبر رہنے کی اہمیت پر زور بھی دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں تعینات فارمیشنز کے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔
انہوں نے بلوچستان میں پائیدار امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے بلوچستان حکومت کی سماجی و معاشی بہتری اور ریاست و عوام کے درمیان تعلق مضبوط بنانے کی کوششوں کو سراہا۔