ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت کشیدگی سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان پر دوبارہ جنگ مسلط کرنے کے قریب تھا، جسے اُنہوں نے بروقت مداخلت کرکے روک دیا۔
وائٹ ہاؤس میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی مدتِ صدارت کے دوران دنیا کی آٹھ بڑی جنگیں رکوا دیں، جن میں پاک بھارت ممکنہ جنگ بھی شامل تھی۔ ان کے مطابق پاکستان اور بھارت اس وقت مثبت اقدامات کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
روسی۔یوکرینی تنازع پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ جنگ اتنے طویل عرصے تک جاری رہے گی، تاہم وہ اس کے جلد خاتمے کی امید رکھتے ہیں۔
سعودی ولی عہد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں امریکی صدر نے محمد بن سلمان کو ” دیرینہ دوست“ قرار دیتے ہوئے خوش آمدید کہا اور کہا کہ ان کی حکومت کے دوران امریکا معاشی طور پر مضبوط ہو رہا ہے۔
ٹرمپ نے سابق امریکی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جوبائیڈن حکومت نااہلی کا شکار تھی، جبکہ ان کے دور میں مہنگائی کم ترین سطح پر تھی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی نیچے لائی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب نے امریکا میں 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے۔