'وزیراعظم بیرون ملک مانگنے کے بجائے اپنا پیسہ ملک میں لائیں'

'وزیراعظم بیرون ملک مانگنے کے بجائے اپنا پیسہ ملک میں لائیں'
چکوال : سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم بیرون ملک مانگنے کے بجائے اپنا پیسہ ملک میں لائیں، آدھا بھی واپس لے آئیں تو مانگنے کی ضرورت نہ پڑے۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے چکوال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیلی تھون میں میری قوم نے مجھے 14 ارب روپے دیے، پیسہ صحیح جگہ خرچ ہونے کا یقین ہو تو یہ بہت کھلے دل کے لوگ ہیں۔ بلوچستان اور سندھ میں بہت سے لوگ مشکلات کا شکار ہیں، سندھ میں جہاں پانی کھڑا ہو گیا ہے وہاں فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں نے اپنے گھروں میں جو بیج رکھے ہوئے تھے وہ بھی بہہ گئے، پانی کھڑا رہا تو کاشتکار گندم کی فصل بھی نہیں اگا سکیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت 14 سال سے چل رہی ہے، ہمارے دور میں دریائے سندھ کے کنارے سیہون تک نہر مکمل کی گئی تھی، سندھ حکومت نے سیہون سے آگے نہر نہیں بننے دی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ انہیں پاکستانیوں کی خدمت کرنے کیلئے ہم پر مسلط نہیں کیا گیا، اربوں روپے قوم کا پیسہ انہوں نے اشتہار وں پر خرچ کر دیا، حکومت کی 60 فیصد کابینہ ضمانت پر ہے، شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو سزا ہونے والی تھی۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ دونوں خاندانوں نے ملک کو تیس سال سے لوٹا ہے، چوری کا آدھا پیسہ بھی لے کر آو تو مانگنے کی ضرورت نہ پڑے، شہباز شریف! ملکوں سے مانگنے کی بجائے چوری کا پیسہ واپس لے کر آتے۔ عمران خان نے جلسے کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے میرے ساتھ ان چوروں کو شکست دینے کیلئےنکلنا ہے، ان لوگوں کو کبھی تسلیم نہیں کروں گا۔انہوں نے کہا کہ بلاول نے مہنگائی مارچ کیا اور فضل الرحمان نے دو دھرنے دیے، کہا گیا کہ ملک میں مہنگائی ہو گئی ہے عمران خان کی حکومت ختم کرو۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جب عدم اعتماد کی تحریک لائی گئی اس وقت ڈالر 178 روپے کا تھا، آج عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت کم ہے مگر پاکستان میں زیادہ ہے۔ ہمارے دور میں بجلی 16 روپے یونٹ تھی، آج 36 روپے فی یونٹ ہوگئی ہے، آج تین گنا بجلی کی قیمت بڑھ گئی ہے، آج لوگ مہنگائی میں پس رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے مطابق سردیوں میں گیس کی قیمت 250 فیصد بڑھے گی، مہنگائی آسمانوں پر ہے،انڈسٹریز بند ہو رہی ہیں اور بیروزگاری بڑھ رہی ہے، روپے کی قدر گر رہی ہے۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جن قوموں میں میرٹ ہوتی ہے وہ آگے نکل جاتی ہیں، ان چوروں کو میرٹ کی سمجھ نہیں ہے، جہاں ان کے پیسے پڑے ہیں یہ ان ملکوں کے غلام ہیں، زرداری کی چوری پر کتابیں لکھی ہوئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف جھوٹ بول کر ملک سے باہر گیا، مشرف کے دور میں بھی نواز شریف جھوٹ بول کر باہر بھاگا تھا، نواز شریف نے جھوٹ بولنے میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔