راولپنڈی : آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور قیادت کا معیار دنیا کی کسی بھی جدید فوج کے مقابلے میں بہترین ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقا ت عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کثیرالملکی سپیشل فورسز کی مشترکہ مشق Eternal Brotherhood -II کی افتتاحی تقریب بروتھا میں منعقد ہوئی، دو ہفتوں پر مشتمل مشترکہ مشق میں پاکستان، قازقستان، قطر، ترکیہ اور ازبکستان کی سپیشل فورسز حصہ لے رہی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سیّد عاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری) نے بروتھا گیریژن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کو جنرل آفیسر کمانڈنگ سپیشل سروسز گروپ کی جانب سے مشق کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ مشق کا مقصد دوست ممالک کے مابین تاریخی فوجی تعلقات کو مزید بڑھانا اور ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو کر دہشتگردی کے خلاف نبرد آزما ہونا ہے۔ دریں اثناء چیف آف آرمی سٹاف نے جونیئر لیڈر شپ اکیڈمی (شنکیاری) کا دورہ بھی کیا اوراس موقع پر کہا کہ جونیئر لیڈرز پاکستان آرمی کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور روایتی اور غیر روایتی جنگ میں کامیابی سے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور قیادت کا معیار دنیا کی کسی بھی جدید فوج کے مقابلے میں بہترین ہے۔ پاک فوج کے جونیئرلیڈرز نے دنیا بھر میں تربیت، آپریشنز اور عالمی معیار کے مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ شنکیاری اور بروتھا آمد پر انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔