عثمان بزدار کے استعفے کو منظور کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

عثمان بزدار کے استعفے کو منظور کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج
لاہور: (ویب ڈیسک) سردار عثمان بزدار کے بطور وزیراعلیٰ پنجاب استعفیٰ منظوری کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں سابق وزیراعظم عمران خان، عثمان بزدار، حمزہ شہباز شریف اور گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو فریق بنایا گیا ہے۔ عدالت عالیہ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عثمان بزدار نے اپنا استعفیٰ اس وقت کے وزیراعظم عمران خان کو بھجوایا۔ لیکن قانون کے مطابق وزیراعلیٰ استعفی گورنر کو بھجوا سکتا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ سابق گورنر چودھری سرور نے غیر قانونی طور پر عثمان بزدار کا استعفیٰ منظور کیا۔ لاہور ہائیکورٹ عثمان بزدار کا استعفیٰ منظور کرنے کا نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دے۔ لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کا سارا عمل کالعدم قرار دیا جائے۔ حمزہ شہباز کو بطور وزیراعلیٰ کام کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔ اس کے علاوہ درخواست میں کہا گیا ہے کہ عثمان بزدار کو بطور وزیراعلیٰ پنجاب بحال کیا جائے۔ دوسری جانب گورنر پنجاب کی جانب سے نومنتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز سے حلف نہ لینے کے معاملے پر مسلم لیگ ن نے اعتراض دور کرکے دوبارہ درخواست دائر کر دی ہے۔ رجسٹرار آفس نے گذشتہ روز درخواست نامکمل ہونے پر واپس کر دی تھی۔ رجسٹرار آفس نے ہدایت کی تھی کہ فایل مکمل کرکے درخواست دوبارہ دائر کی جائے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔