(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے حوالے سے میٹا کی مہارت سے استفادہ حاصل کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے میٹا کے پانچ رکنی وفد نے ملاقات کی ۔ وفد کی قیادت میٹا (Meta) کے نائب صدر برائے ایشیاء پیسیفک سائمن ملنر (Simon Milner)کر رہے تھے۔
وزیر اعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل میڈیا کے شعبوں میں بے پناہ استعداد موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے ریکارڈ بجٹ مختص کیا گیا ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے حوالے سے میٹا کی مہارت سے استفادہ حاصل کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو میٹا کے پاکستان میں آپریشنز کے حوالے سے تمام مسائل حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ میٹا کے وفد نے وزیراعظم کو پاکستان اور ایشیاء پیسیفک میں اپنی سروسز کے بارے آگاہ کیا ۔وفد نے بریفنگ میں بتایا کہ میٹا نے مصنوعی ذہانت کے حوالے سے ریجن میں پہلا مقابلہ پاکستان میں منعقد کروایا۔
دونوں اطراف نے پاکستان میں ڈیجیٹل میڈیا اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں کی ترقی و ترویج کے حوالے سے مل کے کام کرنے کا اعادہ کیا۔
اجلاس میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان ، تانیہ اودروس اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔