گزشتہ روز کی طرح آج بھی شہر قائد میں موسلادھار بارش شروع

گزشتہ روز کی طرح آج بھی شہر قائد میں موسلادھار بارش شروع
کیپشن: گزشتہ روز کی طرح آج بھی شہر قائد میں موسلادھار بارش شروع

ویب ڈیسک: گزشتہ روز کی طوفانی بارش کے بعد شہرقائد میں ایک مرتبہ پھر مون سون کی موسلادھاربارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شاہ فیصل کالونی، صدر، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، جمشیدروڈ، کلفٹن، ڈیفنس، نرسری، شارع فیصل، ایئرپورٹ، فریئر ہال، کالا پل، پی ای سی ایچ ایس میں موسلادھار بارش ہوئی ہے، کھارادر، جوڑیا بازار، اردو بازار، برنس روڈ اور لائنز ایریا میں بھی بادل جم کربرسے ہیں۔

اس کے علاوہ طارق روڈ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی ہے جس سے شہر کی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔

موسلادھار بارش کے باعث شہر قائد کے 7 انڈر پاسز کئی فٹ پانی بھرنے کے باعث ٹریفک کیلئے بند ہوگئے، شارع فیصل نرسری کے مقام پر بارش کے بعد جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے۔

پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ ( پی ایم ڈی) کے ڈپٹی ڈائریکٹر انجم نذیر ضیغم نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ کراچی میں شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ شام 7 بجے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ کراچی کے شمال مشرق میں بارش برسانے والا سسٹم موجود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ میں بارش کا سلسلہ 23 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ کلاؤڈ برسٹ پہاڑی علاقوں میں ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ہونے والی طوفانی بارش سے حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہوچکی ہے، شہر میں آج عام تعطیل ہے، عدالتیں بھی بند ہیں، بارش کے باعث خراب گاڑیاں تاحال سڑکوں پر موجود ہیں، یونیورسٹی روڈ پر بارش سے گڑھے پڑ گئے، مختلف علاقوں میں تاحال بجلی بحال نہ ہوئی، شہری حبس اور گرمی سے پریشان ہیں۔

دوسری جانب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کا کسی کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا، آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارشوں سے تباہی ہوئی، کراچی میں کل تباہ کن بارش ہوئی، منگھو پیر میں 235 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

مرتضیٰ وہاب کی نیوز کانفرنس کے دوران بارش نے انٹری دے دی، میئر کراچی نیوز کانفرنس چھوڑ کر چلے گئے۔

Watch Live Public News