وفاقی سرکاری ملازمین کا احتجاج،سیکرٹریٹ کے دونوں گیٹس بند کردیے

وفاقی سرکاری ملازمین کا احتجاج،سیکرٹریٹ کے دونوں گیٹس بند کردیے
کیپشن: وفاقی سرکاری ملازمین کا احتجاج،سیکرٹریٹ کے دونوں گیٹس بند کردیے

ویب ڈیسک: اسلام آباد میں وفاقی سرکاری ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کرتے ہوئے سیکرٹریٹ کے دونوں گیٹس بند کر دیے، جس کے باعث پولیس کی بھاری نفری سیکرٹریٹ چوک پہنچ گئی۔ پولیس حکام نے ملازمین کو دروازے کھولنے کی وارننگ دی اور احتجاج ختم نہ ہونے پر متعدد مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔

ذرائع کے مطابق مظاہرین کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی، اپ گریڈیشن، پنشن اصلاحات، تنخواہوں میں فرق کے خاتمے اور معذوری الاؤنس 10 فیصد کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اساتذہ کے لیے 25 فیصد ری بیٹ بحال کرنے کا بھی مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ روز حکومت اور سرکاری ملازمین کے درمیان ہونے والے مذاکرات ناکام ہوگئے تھے، جب وزارت خزانہ کے حکام نے نوٹیفکیشن جاری کرنے سے انکار کر دیا۔

ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ نے اس تاخیر کی وجہ آئی ایم ایف قرض سے متعلق شرائط کو قرار دیا ہے۔

سرکاری ملازمین کے مطالبات سامنے آگئے:

ملازمین نے مطالبات میں کہا ہے کہ وفاقی سرکاری اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں میں تفریق ختم کی جائے۔صوبائی طرز پر تمام وفاقی ملازمین کی اپگریڈیشن بمہ مراعات کی جائے۔لیو انکیشمنٹ اور وفاقی ملازمین کی پینشن اصلاحات واپس لی جائیں۔بجٹ 2024-25 میں تنخواہوں پر نافذ کردہ ٹیکس واپس لئے جائیں۔اسکولوں و اداروں کی بندش و نجکاری کے بجائے بہتر اصلاحات کی جائیں۔

اداروں کی نجکاری کے دوران ملازمین کی نوکریوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔دورانِ ملازمت وفات پانے والوں کے بچوں کو بمطابق عدالتی فیصلہ ملازمت دی جائے۔ظالمانہ پنشن اصلاحات کو فی الفور واپس لیا جائے۔

Watch Live Public News