ویب ڈیسک: جنگی محاذ پر مسلسل ناکامیوں کے بعد بھارت نے پاکستان کے خلاف نفرت انگیز پراپیگنڈے اور دہشتگردی کی نئی مہم شروع کر دی ہے۔ بلوچستان میں ہونے والے حالیہ جعفر ایکسپریس حملے کی ویڈیو کو بھارتی میڈیا نے توڑ مروڑ کر نشر کر کے دہشتگردوں کی کھلی پشت پناہی کا ثبوت دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہناہے کہ بھارتی ٹی وی چینل میں بی ایل اے کی ویڈیو دکھا کر دہشتگردانہ کاروائیوں کو نہ صرف سپورٹ کیا جا رہا ہے بلکہ دہشتگردی کو کھلے عام دکھایا جا رہا ہے، بھارت نے ہار تسلیم کرنے کے بجائے دہشتگردی کو سہارا بنا لیا،پاکستان کے خلاف نفرت پھیلانے کی نئی چال سامنے آگئی ہے۔
دفاعی ماہرین کا کہناہے کہ جفر ایکسپریس حملے کی تشہیر سے بھارت کا دہشتگردوں سے گٹھ جوڑ بے نقاب ہوگیا ہے،بھارتی چینلز پر بی ایل اے کی پرانی ویڈیو نشر کر کے دہشتگردی کی سرِعام پشت پناہی کی جا رہی ہے،نام نہاد بی ایل اے، بھارت کا تیار کردہ فتنے کا بیج ہے جو پاکستان کے امن کو جڑ سے اکھاڑنا چاہتا ہے،بی ایل اے، بھارت کا پراکسی نیٹ ورک، معصوم پاکستانیوں کا قاتل اور مودی کا آلہ کار ہے۔