آئی ایم ایف کا حکومت سے پیٹرول اور ڈیزل پر 5 روپے کاربن لیوی عائد کرنے کا مطالبہ

آئی ایم ایف کا حکومت سے پیٹرول اور ڈیزل پر 5 روپے کاربن لیوی عائد کرنے کا مطالبہ
کیپشن: آئی ایم ایف کا حکومت سے پیٹرول اور ڈیزل پر 5 روپے کاربن لیوی عائد کرنے کا مطالبہ

ویب ڈیسک: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ نئے مالی سال کے آغاز یعنی یکم جولائی 2025 سے پیٹرول اور ڈیزل پر فی لیٹر 5 روپے کاربن لیوی نافذ کی جائے۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق کاربن لیوی کے نفاذ پر بات چیت جاری ہے اور یہ مرحلہ وار طریقے سے لاگو کی جائے گی۔ حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان اس امر پر اتفاق کیا گیا ہے کہ یہ لیوی 2027 تک برقرار رہے گی اور اس میں بتدریج اضافہ بھی ممکن ہوگا۔

یہ کاربن لیوی "ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبل فنڈز پروگرام" کے تحت عائد کی جا رہی ہے، جس کا مقصد ماحولیاتی پائیداری اور مالیاتی خود انحصاری کو فروغ دینا ہے۔

مذاکرات میں آئندہ مالی سال کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر کو 17 ارب 68 کروڑ ڈالر تک پہنچانے کا ہدف بھی زیر بحث آیا۔ اس ہدف کے حصول کے لیے حکومت کمرشل بینکوں سے قرضوں اور بانڈز کے اجرا کے ذریعے 5 ارب ڈالر سے زائد رقم حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

اس کے علاوہ آئی ایم ایف نے رواں مالی سال کے اختتام تک اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر کم از کم 14 ارب ڈالر رکھنے کی شرط بھی عائد کی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ، ایف بی آر، اور مرکزی بینک کے حکام کی آئی ایم ایف مشن سے مزید مذاکرات آج بھی جاری رہیں گے۔

Watch Live Public News