متحدہ مدارس کونسل پاکستان کا مولانا فضل الرحمان کے شہداء سے متعلق بیانات سے اظہارِ لاتعلقی

متحدہ مدارس کونسل پاکستان کا مولانا فضل الرحمان کے شہداء سے متعلق بیانات سے اظہارِ لاتعلقی

(ویب ڈیسک) متحدہ مدارس کونسل پاکستان نے مولانا فضل الرحمان کے پاک فوج  اورشہداء سے متعلق بیانات سے اظہارِ لاتعلقی کردیا۔

ترجمان متحدہ مدارس کونسل ڈاکٹر میر محمد آصف اکبر قادری کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کا موقف ان کی جماعت کا ذاتی و سیاسی مؤقف ہے، دینی وفاق، مدارس اور متحدہ مدارس کونسل مولانا فضل الرحمن کے بیان کی نمائندگی نہیں کرتے، پاک فوج کے شہداء اور غازی ہمارے قومی ہیرو اور قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

ترجمان نے کہا  کہ   شہداء کی قربانیوں کے خلاف کسی بھی قسم کا منفی بیانیہ ناقابلِ قبول ہے،دینی مدارس، مساجد، علماء اور طلبہ کا ریاست مخالف سرگرمیوں یا قومی اداروں کے خلاف مہم سے کوئی تعلق نہیں،مدارس، مساجد اور علماء کا نام سیاسی مہمات میں استعمال کرنا حقیقت کے منافی اور ناانصافی ہے۔

ترجمان ڈاکٹر میر محمد آصف اکبر قادری نے کہا کہ پاکستان کے دینی مدارس ہمیشہ نظریاتی، فکری اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے مراکز رہے ہیں،تمام دینی وفاق، تعلیمی بورڈز اور مدارس پاک فوج، سلامتی کے اداروں، شہداء اور غازیوں کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پاک فوج، شہداء اور غازیوں کے خلاف کسی بھی مہم یا بیان کی حمایت نہیں کرتے۔

Watch Live Public News