مٹی کے تیل کی قیمت میں بڑا اضافہ، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار

مٹی کے تیل کی قیمت میں بڑا اضافہ، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار
کیپشن: مٹی کے تیل کی قیمت میں بڑا اضافہ، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار

ویب ڈیسک: حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جس کے تحت قیمت میں 70 روپے 73 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی نئی قیمت 428 روپے 74 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے، اور اس اضافے کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل مٹی کے تیل کی قیمت 358 روپے ایک پیسہ فی لیٹر تھی۔

دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق پٹرول کی قیمت 321 روپے 17 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 335 روپے 86 پیسے فی لیٹر کی سطح پر برقرار رہے گی۔

پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کے لیے موجودہ قیمتیں برقرار رکھی گئی ہیں، اور حکومت اس فرق کو خود برداشت کرے گی۔ اعلامیے کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 176 روپے 41 پیسے فی لیٹر جبکہ پٹرول پر 77 روپے 98 پیسے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی۔

گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں اعتراف کیا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں حالیہ 55 روپے اضافے نے عوام پر بوجھ ڈالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی مشکلات سے آگاہ ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے پیدا ہونے والا تقریباً 24 ارب روپے کا بوجھ وفاق خود برداشت کرے گا۔

Watch Live Public News