ویب ڈیسک: وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ اس ہفتے پیٹرول کی قیمت میں 150 روپے اور ڈیزل میں 250 روپے اضافے کو روکا گیا ہے۔ تاہم آنے والے دنوں میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں، لہٰذا ہمیں سب کو مل کر توانائی کی بچت کے حوالے سے مستقبل کا لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا۔
وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ اور وزیر توانائی علی پرویز ملک نے لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی کے حساب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مقرر کی جاتی ہیں، اور ہر حال میں توانائی کی بچت کو ممکن بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔
علی پرویز ملک نے بتایا کہ خطے میں کشیدگی کے پیش نظر وزیراعظم نے اپنی پوری ٹیم کو اکٹھا کر کے کفایت شعاری کے اصول اپنائے اور عید کی خوشیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھی ہیں۔ وزیراعظم کی ٹیم کی مراعات میں کٹوتیاں کی گئی ہیں، اور اسی کفایت شعاری کی بنیاد پر اس ہفتے پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں اضافہ روک دیا گیا۔
وزیر توانائی نے مزید کہا کہ حکومت اور عوام دونوں کو توانائی کی بچت میں بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا، اور عوام کو بھی ذمہ داری کے ساتھ اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مشاورت سے ایک مضبوط اور شفاف نظام قائم کیا جائے گا۔
انہوں نے زور دیا کہ حکومت کمزور طبقے کی حمایت جاری رکھے گی اور سب کو مل کر ملک کو موجودہ توانائی بحران سے نکالنا ہوگا۔