ویب ڈیسک: راولپنڈی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ای چالان جاری کرنے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ سیف سٹی کیمروں کو فعال کر دیا گیا ہے، جن کی مدد سے اب ٹریفک کی نگرانی اور خلاف ورزیوں پر جرمانے کیے جا رہے ہیں۔
شہر کے 359 مقامات پر 2 ہزار سے زائد کیمرے نصب کیے گئے ہیں، جو موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھیں گے۔ ان کیمروں کے ذریعے ہیلمٹ نہ پہننا، سیٹ بیلٹ کا استعمال نہ کرنا، سگنل کی خلاف ورزی اور دیگر قوانین کی خلاف ورزی پر ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔
یہ جرمانے تصاویر اور کوڈ کے ساتھ مالک کے گھر کے پتے پر بھیجے جائیں گے۔ سی ٹی او فرحان اسلم نے کہا کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ٹریفک کے انتظامات میں مزید بہتری آئے گی اور ای چالان سسٹم سے ٹریفک وارڈنز کی توجہ زیادہ تر ٹریفک کی روانی پر مرکوز ہو سکے گی۔