ویب ڈیسک: دبئی ایئر شو میں بھارتی ہلکے لڑاکا طیارے LCA تیجاس کے حادثے کی نئی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آئی ہیں جن میں طیارہ تیزی سے نیچے آتا اور پھر آگ کے گولے میں تبدیل ہوتا دکھائی دیتا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق طیارہ نیگیٹو جی ٹرن کے بعد انتہائی کم بلندی پر رول کرتے ہوئے زمین سے ٹکرا گیا۔
ماہرین کے مطابق ’منور‘ کی تکمیل کے دوران طیارے کی بلندی کم ہوگئی تھی، اور جب اس کے پَر سیدھے ہوئے تب تک اس کی عمودی رفتار بہت زیادہ تھی، یہی وجہ حادثے کا باعث بنی۔ ٹکر کے فوراً بعد گھنے سیاہ دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔
#Watch | New Close-Up Shots From Dubai Show Tejas Wreckage Engulfed In Flames#FirstOnNDTV pic.twitter.com/3nMvRa2uPC
— NDTV (@ndtv) November 22, 2025
ایئر شو دیکھنے والے ابوبکر نے واقعہ اپنی آنکھوں سے دیکھا اور بتایا کہ ’ہم سمجھے پائلٹ پل اَپ کر لے گا، مگر طیارہ سیدھا زمین پر جا لگا‘۔
حادثہ مقامی وقت کے مطابق 2 بج کر 10 منٹ پر پیش آیا۔ بعد ازاں سامنے آنے والی تصاویر میں جلے ہوئے ملبے کے ٹکڑے صاف دکھائی دیتے ہیں۔
اس سانحے میں بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ونگ کمانڈر نمش سیال جان کی بازی ہار گئے۔ وہ ہماچل پردیش کے ضلع کانگڑا سے تعلق رکھتے تھے اور پسماندگان میں اہلیہ، بیٹی اور والدین چھوڑ گئے ہیں۔