ویب ڈیسک: پاکستان اور لیبیا کے درمیان حالیہ دفاعی تعاون کا معاہدہ، پاکستان کی عسکری سفارتکاری اور دفاعی برآمدات کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو رہا ہے۔ وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں، یہ معاہدہ معیشت کی بحالی اور برآمدات کے میدان میں پاکستان کی حکمتِ عملی کا عملی مظہر ہے۔
ذرائع کے مطابق، عالمی سطح پر پاکستان کو ایک مضبوط عسکری قوت اور جنگی تجربے سے لیس ملک کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے، اور مقامی طور پر تیار کردہ دفاعی سازوسامان کی برآمدات نے ہمیشہ قومی معیشت میں مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔
وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے معیشت کی بحالی کے لیے کئی اہم اقدامات کیے ہیں، جن میں برآمدات میں اضافہ ایک کلیدی جزو ہے۔ جہاں پاکستان نے آئی ٹی، معدنیات، زرعی مصنوعات اور دیگر شعبوں میں قابل ذکر کامیابیاں حاصل کی ہیں، وہیں دفاعی پیداوار کی صنعت بھی قومی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
اس کامیابی کا کریڈٹ مؤثر عسکری سفارتکاری اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دوراندیش قیادت کو دیا جا رہا ہے۔ تاریخی کامیابیاں اور معرکۂ حق میں پاکستان کی کامیابی کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کو نئی پذیرائی اور اعتماد حاصل ہو رہا ہے، جس کی بدولت کئی ممالک پاکستانی دفاعی سازوسامان میں گہری دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں۔
پاکستان اور لیبیا کے درمیان ہونے والا یہ معاہدہ مالی اعتبار سے نہایت اہمیت کا حامل ہے اور اسے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مسلسل عسکری سفارتی کوششوں کا ایک نمایاں نتیجہ سمجھا جا رہا ہے۔
لیبیا پر اقوامِ متحدہ کی پابندیوں کے باوجود، اس نوعیت کے معاہدات پاکستان کی عالمی دفاعی حکمتِ عملی کا حصہ ہیں۔ لیبیا نے مغربی ممالک سمیت دیگر ریاستوں کے ساتھ دفاعی سازوسامان کے حصول کے لیے روابط برقرار رکھے ہوئے ہیں، اور پاکستان نے اپنے دفاعی سامان کی برآمدات میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
مبصرین کے مطابق، پاکستان اور لیبیا کے درمیان ہونے والا یہ معاہدہ دفاعی پیداوار، عسکری سفارتکاری اور برآمدات کے فروغ کی سمت میں ایک اہم قدم ہے، جو قومی معیشت کے استحکام میں مزید معاون ثابت ہو سکتا ہے۔