ایران میں کشیدگی: بھارت نے اپنے شہریوں کو فوری انخلا کی ہدایت کر دی

ایران میں کشیدگی: بھارت نے اپنے شہریوں کو فوری انخلا کی ہدایت کر دی
کیپشن: ایران میں کشیدگی: بھارت نے اپنے شہریوں کو فوری انخلا کی ہدایت کر دی

ویب ڈیسک: بھارت کی وزارتِ خارجہ نے ایران میں موجود اپنے شہریوں کو بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی اور ممکنہ امریکی کارروائی کے خدشات کے باعث یہ ایڈوائزری جاری کی گئی۔ تہران میں بھارتی سفارتخانے نے سوشل میڈیا بیان میں کہا ہے کہ ایران میں موجود بھارتی شہری دستیاب ذرائع، بشمول کمرشل پروازوں، کے ذریعے جلد از جلد روانہ ہو جائیں۔

وزارتِ خارجہ کے اندازے کے مطابق ایران میں عام طور پر تقریباً 10 ہزار بھارتی شہری مقیم ہوتے ہیں۔ بیان میں شہریوں اور بھارتی نژاد افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں، احتجاجی مقامات سے دور رہیں، مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں اور سفارتخانے سے رابطے میں رہیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اسرائیل کے دورے پر روانہ ہونے والے ہیں۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ مودی کا دورہ مبینہ طور پر ’’انتہاپسند دشمنوں‘‘ کے خلاف تعاون کو فروغ دینے میں مددگار ہوگا۔

Watch Live Public News