ویب ڈیسک: (محمد شکیل) نیوزی لینڈ نے 2025 ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد پاکستان کو اس بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت کا موقع مل سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ نے نیشنز کپ جیت کر پرو لیگ کے لیے کوالیفائی کیا تھا تاہم اب انہوں نے اس میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد نیشنز کپ کی رنر اپ ٹیم پاکستان کو ایف آئی ایچ پرو لیگ میں شامل ہونے کی دعوت دی جائے گی۔
وجوہات اور مؤقف
ہاکی نیوزی لینڈ کے مطابق یہ فیصلہ کھلاڑیوں، کوچز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ ہاکی نیوزی لینڈ کے قائم مقام سی ای او کین میپلزڈن کا کہنا ہے کہ موجودہ پرو لیگ فارمیٹ مہنگا، زیادہ سفر والا اور کم گھریلو میچز پر مشتمل ہے، جو نیوزی لینڈ کے ہائی پرفارمنس اہداف سے مطابقت نہیں رکھتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ ایک زیادہ لچکدار اور جامع پرو لیگ ماڈل کی حمایت کرتا رہا ہے، تاہم ابھی تک ایف آئی ایچ کی جانب سے فارمیٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم نے بھی پرو لیگ میں شرکت سے انکار کر دیا ہے، حالانکہ انہوں نے مارچ میں نیشنز کپ جیت کر کوالیفائی کیا تھا۔
پاکستان کے لیے موقع
نیوزی لینڈ کی دستبرداری کے بعد پاکستان، جو نیشنز کپ میں فائنلسٹ رہا، کو ایف آئی ایچ پرو لیگ 2025 میں کھیلنے کا دعوت نامہ ملنے کا قوی امکان ہے۔ یہ پاکستان ہاکی کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔