(ویب ڈیسک ) کرنٹ لگنے سے ہونے والی ہلاکتوں پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے لیسکو اور دیگر بجلی تقسیم کارکمپنیوں کو نوٹس لینے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اربن فلڈنگ، رودکوہی اور سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام انسانی اور مکینکل وسائل بروئے کار لانے کا حکم دے دیا۔کرنٹ لگنے سے ہونے والی ہلاکتوں پر انہوں نے لیسکو اور دیگر بجلی تقسیم کارکمپنیوں کو نوٹس لینے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی غفلت کی وجہ سے لوگ جان سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔ کھمبوں پر بجلی کے بے ہنگم لٹکتے تار انسانی جانوں کے لئے شدید خطرہ بن چکے ہیں۔
انہوں نے واسا کمپلینٹ ہیلپ لائن پر فوری ایکشن اور شکایات کے حل کا ریکارڈ مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلی پنجاب نے دریاؤں، ڈیموں اور بیراج پر نہانے کی پابندی یقینی بنانے اوردریاؤں، ڈیموں اوربیراج وغیرہ کی ڈرون سے مانیٹرنگ کر نے کی ہدایت بھی کی۔
وزیر اعلی مریم نواز نے عوام کو بارش اور فلڈ کی صورتحال سے آگاہ کرنے کیلئے مساجد، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر اعلانات کرانے کا حکم بھی دیا۔اس کے علاوہ مون سون کے دوران ہر کنسٹرکشن سائٹ کو باقاعدہ طور پر محفوظ بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے انتظامیہ کو خستہ حال اور بوسید ہ عمارتوں کا جائزہ لینے اور رضاکارانہ طور پر خالی کرانے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے مون سون کے دوران صوبہ بھر میں مین ہول، گٹراور گڑھے وغیرہ محفوظ بنانے کا حکم بھی دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے والدین کواپنے بچوں کوسیلابی صورتحال میں خطرناک مقاما ت جانے سے روکنے کی اپیل بھی کی۔سانپ کاٹنے اور پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کے پیشگی ازالے کیلئے کلینک آن ویل متاثرہ علاقوں میں بھیجنے کی ہدایت بھی جاری کیں ۔
انہوں نے ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں اربن فلڈنگ اور رود کوہی سے متعلق پیشگی اطلاعات پہنچانے اوربروقت انخلاء کی ہدایت بھی جاری کیں ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے مری میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرہ سے پیش نظر پیشگی انخلاء کا حکم دیا۔انہوں نے مری میں اعلانات کرکے سیاحوں کولینڈسلائیڈنگ کے خطرات سے پیشگی آگاہ کرنے کا حکم بھی دیا۔
وزیر اعلی پنجاب نے پی ڈی ایم اے، واسا، ریسکیو1122، لوکل گورنمنٹ اور این ڈی ایم اے سے مکمل اشتراک کار اور ہر ضلع میں مون سون سنٹر فلڈ کنٹرول روم 24/7 فنکشنل کرنے کی ہدایت بھی دیں ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے رہائشی علاقوں، گلی محلوں سے بھی بارشی پانی کے فوری انخلاء ،تمام اضلاع میں ضرورت کے مطابق مزید ڈی واٹرنگ سیٹ مہیا کرنے کی ہدایت بھی جاری کیں ۔
انہوں نے گجرات، اوکاڑہ، لاہور اور مری کے ڈپٹی کمشنرز اور ایم ڈی واسا کو شاباش دی۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق،وزیر ہاؤسنگ بلال یٰسین، وزیر بلدیات ذیشان رفیق اور پوری ٹیم کو بھی شاباش دی۔
وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جہاں پانی کئی کئی دن اور ہفتے کھڑا رہتا تھا وہاں چند گھنٹوں میں نکاسی آب قابل تحسین ہے۔موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے زیادہ بارشیں متوقع تھیں، پیشگی اقدامات کارگر ثابت ہوئے۔ کئی دہائیوں کے بعد گجرات کے لوگوں نے بارش کے بعد پانی کی جلد نکاسی پر سکھ کا سانس لیااور شہر ڈوبنے سے بچ گیا۔
انہوں نے کہا کہ اپنی ٹیم کی کارکردگی پر فخر ہے، اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہیں۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ 41 اضلاع میں واسا کے قیام اور پی ڈی پی پراجیکٹ موثر ثابت ہوئے۔پنجاب کے 41 اضلاع میں واساز کو ایک ہزار ڈی واٹرنگ سیٹ،سکر مشینیں وغیرہ مہیا کیے گئے۔
وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ صوبہ بھر میں چھ لاکھ60ہزار ٹن ڈی سیلٹنگ کی گئی۔ 4000 کلومیٹر سیوریج لائن، سوا دو لاکھ مین ہول اور 724 کلومیٹر ڈرین صاف کی گئیں۔ اٹلی سے بہترین اور جدید ترین مزید207 ڈی واٹرنگ سیٹ بھی واسا ز کو مہیا کریں گے۔