لاہور: ( پبلک نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے یوم پاکستان پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ الحمدللہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ ملکی سرحدوں کی حفاظت اور امن کے لیے قربانی دینے والوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔ گورنر پنجاب نے اپنے بیان میں کہا کہ 23 مارچ ہماری ملکی تاریخ کا عظیم دن ہے۔ ہم پاکستان کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ پاکستان کے قیام کی صورت میں عوام کو اپنے حقوق اور مذہبی آزادی ملی ہے۔ چودھری سرور نے کہا کہ ہم سب نے مل کر اپنے پیارے پاکستان کو مضبوط خوشحال اور پرامن بنانا ہے۔ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو آج مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ عمران خان قائد اور اقبال کے مشن کے مطابق پاکستان کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وطن عزیر ہمارے آبا واجداد نے جہد مسلسل اور قربانیوں کے بعد حاصل کیا ہے۔ ہمارا نظریہ صرف ایک ہے، وہ یہ کہ ملک کی ترقی اور اسے آگے لے کر جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سب عہد کریں کہ ہم انفرادی اور اجتماعی طور پر ملک وقوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ قائداعظم ۔کے زریں اصول ایمان، اتحاد تنظیم پر عمل کریں۔ آئیے باہمی اختلافات بھلا کر ایک قوم بن کر سوچیں۔