200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے اہم خبر آگئی

200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے اہم خبر آگئی
کیپشن: 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے اہم خبر آگئی

ویب ڈیسک: وزارتِ خزانہ کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو دی جانے والی عمومی سبسڈی مرحلہ وار ختم کرنے پر غور کر رہی ہے، جبکہ یکم جنوری 2027 کے بعد ملک میں صرف “ٹارگٹڈ سبسڈی” کا نظام نافذ کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ اہم فیصلہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی شرائط اور معاشی اصلاحات کے تناظر میں کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد سبسڈی کو صرف مستحق اور کم آمدن والے طبقے تک محدود کرنا ہے۔ اس حوالے سے حکومت کی واضح پالیسی یکم جولائی کے بعد متوقع ہے۔

وزارتِ خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ نظام کے تحت 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ملنے والی سبسڈی مکمل طور پر ختم کی جا سکتی ہے۔ نئے مجوزہ نظام کے مطابق بجلی، گیس اور آٹے پر سبسڈی صرف ان خاندانوں کو فراہم کی جائے گی جن کی ماہانہ آمدن تقریباً 20 سے 30 ہزار روپے کے درمیان ہوگی۔

ذرائع کے مطابق شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے صارفین کا ڈیٹا نادرا سے منسلک کیا جائے گا، جبکہ ہر صارف کے لیے “کیو آر کوڈ” رجسٹریشن لازمی بنانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ اس نظام کے ذریعے درخواست گزاروں کی مالی حیثیت اور آمدن کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔

مزید بتایا گیا ہے کہ سخت اسکریننگ کے بعد صرف وہی صارفین رعایتی سبسڈی کے اہل قرار پائیں گے جو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ ہوں گے یا اس کے مقررہ معیار پر پورا اتریں گے۔

معاشی ماہرین کے مطابق اگر یہ پالیسی نافذ ہوتی ہے تو حکومت کے سبسڈی اخراجات میں نمایاں کمی آسکتی ہے، تاہم متوسط طبقے پر اس کے مالی اثرات بھی مرتب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
 
 

Watch Live Public News