وزیراعظم شہبازشریف نے سیالکوٹ میں آگ لگنے سے گندم کی تیار فصل کی تباہی سے متاثرہ کسانوں کی مالی امداد کا حکم دےدیا. جن کسانوں کی فصل جل گئی ہے، انہیں فوری امدادی چیک دئیےجائیں: وزیراعظم کا پنجاب حکومت کوحکم. وزیراعظم نے 90 ہزار کلوگرام گندم جل کر راکھ ہونے پر کسانوں کی فوری مالی مدد کا حکم دیا. وزیراعظم نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک ہے، مشکل وقت میں کسانوں کی بھرپور مدد کی جائے. واضح رہے کہ بیلہ پُل باجواں، بجوت سیکٹر میں 23 اپریل 2022 کو گندم کی تیار فصل کو آگ لگ گئی تھی. آگ سے 77 ایکڑ رقبہ متاثرہواتھا، 76 ایکڑ میں گندم کی فصل کٹائی کےلئے تیارحالت میں تھی. سرکاری رپورٹ کےمطابق 15 کاشتکاروں کی تیارگندم جل گئی تھی. تحقیقات میں بتایا گیا تھا کہ کٹائی مشین میں فنی خرابی سےآگ لگی. قریب ہی ذخیرہ کردہ 80لیٹر ڈیزل کے آگ پکڑنے سےحادثے کا دائرہ پھیل گیا. دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافے اورعوام کی مشکلات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مئی کے مہینے تک لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی کرنے کاحکم دے دیا۔ وزیراعظم نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی سخت ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو جب تک اس عذاب سے نجات نہیں ملتی نہ خود چین سے بیٹھوں گا نہ کسی کو بیٹھنے دوں گا۔