(ویب ڈیسک ) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے ) نے یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلر گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کی بڑی کاروائیاں جاری ہیں ، ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کی ہدایات پر یونان کشتی حادثے میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کردیا گیا۔
ایف آئی اے نے یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی سمگلر کو گرفتار کر لیا، ملزم مدثر علی یونان کشتی حادثے میں ملوث ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو پھالیہ سے گرفتار کیا گیا، ملزم انسانی سمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا کارندہ ہے،گرفتار ملزم نے متاثرہ کو یورپ بھجوانے کے نام لاکھوں روپے ہتھیائے، ملزم نے بیرون ملک بھجوانے کے نام پر متاثرہ سے مجموعی طور پر 34 لاکھ 50 ہزار روپے ہتھیائے۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم نے متاثرہ شہری کو پہلے لیبیا بھجوایا۔ بعد ازاں ملزم نے متاثرہ شہری کو کشتی کے ذریعے لیبیا سے یونان بھجوانے کی کوشش کی، کشتی حادثے میں متاثرہ شہری احتشام انجم لاپتہ ہوگیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ڈائریکٹر گوجرانوالہ زون عبدالقادرقمر کا کہنا ہے کہ یونان کشتی حادثے میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
عبدالقادر قمر کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ کسی شخص کو بھی معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں، ٹھوس شواہد کی روشنی میں ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائیں گے۔