ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے علاقے خیبر میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے 10خوارج ہلاک کردیئے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق ضلع خیبر کے علاقے باغ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا ،آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانوں پر موثر کارروائی کی گئی، فورسز کی کامیاب کارروائی سے10خوارج ہلاک کئے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے, آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے خاتمے تک چھین سے نہیں بیٹھیں گے.
دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع خیبر کے علاقے باغ میں 10 خارجیوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے، حکومت اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل سد باب کے لیے متحد ہیں،دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی ضلع خیبر کے علاقے باغ میں کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن پرسکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے ایک بارپھر بروقت آپریشن کرکے 10 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا، 10 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرکے سکیورٹی فورسز نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔
قوم کو بلاشبہ سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر فخر ہے، خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی تحسین کرتے ہیں،پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے خوارجی دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
وفاقی وزیرداخلہ کا مزید کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کے خیبرپختونخوا میں قیام امن کیلئے اقدامات لائق ستائش ہیں، قوم خوارجی دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،خوارجی دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔