چین کا حیران کن اقدام، امریکی سیمی کنڈکٹرز پرٹیرف واپس لے لیا

چین کا حیران کن اقدام، امریکی سیمی کنڈکٹرز پرٹیرف واپس لے لیا
کیپشن: چین کا حیران کن اقدام، امریکی سیمی کنڈکٹرز پرٹیرف واپس لے لیا

ویب ڈیسک:تجارتی جنگ کے دوران چین نے حیران کن اقدام کرتے ہوئے امریکا میں تیار کردہ کچھ سیمی کنڈکٹرز پر عائد 125 فیصد ٹیرف واپس لے لیا ہے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان تجارتی تناؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق، چین میں سیمی کنڈکٹرز درآمد کرنے والی تین مختلف کمپنیوں نے تصدیق کی ہے کہ انہیں جمعرات کی رات معمول کی کسٹمز کلیئرنس کے دوران امریکی سیمی کنڈکٹرز پر ٹیرف میں نرمی کے بارے میں اطلاع دی گئی۔

یہ نرمی ان انٹیگریٹڈ سرکٹس، یا عام زبان میں مائیکرو چِپس اور سیمی کنڈکٹرز پر لاگو ہوتی ہے، جن کی مقامی سطح پر تیاری چین میں محدود ہے اور انہیں بیرون ملک سے منگوانا ناگزیر ہوتا ہے۔ صنعت سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے چین کی مقامی سیمی کنڈکٹر انڈسٹری کو وقتی ریلیف ملے گا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ 12 اپریل کو چین نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چینی مصنوعات پر ٹیرف 145 فیصد تک بڑھانے کے اعلان کے جواب میں، امریکی اشیاء پر جوابی ٹیرف 125 فیصد تک بڑھا دیا تھا، جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی کشمکش مزید شدت اختیار کر گئی تھی۔

تجارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ چین کی جانب سے یہ اقدام اس بات کا عندیہ ہے کہ حکومت اُن اشیاء پر ٹیرف میں کمی پر غور کر رہی ہے جن کی سپلائی چین میں کوئی متبادل دستیاب نہیں، یا جو ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ناگزیر ہیں۔

تاہم، اب تک چین کے کسی اعلیٰ سرکاری ادارے کی جانب سے امریکی سیمی کنڈکٹرز پر ٹیرف میں اس چھوٹ کی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔ چین کے جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز سمیت گوانگڈونگ کے شہر شینزین اور زونگشان کے کسٹمز دفاتر نے اس بارے میں لاعلمی ظاہر کی ہے۔ البتہ شینزین کے بعض مقامی حکام نے مخصوص کمپنیوں کو اس تبدیلی کے حوالے سے مطلع ضرور کیا ہے۔

یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں غیر متوقع قرار دیا جا رہا ہے اور ماہرین کی نظر میں یہ سیمی کنڈکٹر انڈسٹری کے لیے ایک اہم ریلیف ثابت ہو سکتا ہے۔

Watch Live Public News