صباقمرکا اپنے خلاف دائرمقدمے کے بعد پہلا ردعمل آگیا

صباقمرکا اپنے خلاف دائرمقدمے کے بعد پہلا ردعمل آگیا
کیپشن: صباقمرکا اپنے خلاف دائرمقدمے کے بعد پہلا ردعمل آگیا

ویب ڈیسک: پاکستان کی معروف اداکارہ صبا قمر زمان نے اپنے خلاف مقدمے کی درخواست دائر ہونے کے بعد پہلی بار ردِعمل دیتے ہوئے خاموشی توڑ دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صبا قمر کے خلاف لاہور کی سیشن کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اداکارہ نے بغیر اجازت پولیس کی وردی استعمال کی۔ درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کسی بھی فرد کو سرکاری اجازت کے بغیر پولیس کی وردی یا ایس پی کے عہدے کا بیج پہننے کی اجازت نہیں ہوتی۔

یہ معاملہ اس وقت سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آیا جب ایک وائرل ویڈیو میں صبا قمر کو ڈریسنگ روم میں ایس پی کی وردی پہنے دیکھا گیا۔ بعد ازاں ایک میگزین کی جانب سے صبا قمر کے حق میں پوسٹ شیئر کی گئی، جسے اداکارہ نے بھی ری شیئر کیا۔

میگزین کے ایڈیٹر اِن چیف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ کیا لوگ یہ توقع کر رہے تھے کہ اداکارہ پولیس افسر کا کردار دلہن کے لباس یا لان کے سوٹ میں ادا کریں گی؟ انہوں نے مزید کہا کہ کردار ہمیشہ اپنے رول کے مطابق لباس پہنتے ہیں، نہ کہ کسی من گھڑت تصور کے مطابق۔

اس پوسٹ پر ردِعمل دیتے ہوئے صبا قمر نے مزاحیہ انداز اپنایا اور لکھا، ’’اوہ خدایا! آج کل میں بہت زیادہ مشہور ہوگئی ہوں‘‘، جس کے ساتھ انہوں نے مسکراتے ہوئے ایموجیز بھی شامل کیے۔

واضح رہے کہ یہ درخواست وکیل آفتاب باجوہ نے شہری وسیم زوار کی جانب سے عدالت میں دائر کی ہے، جس میں پولیس یونیفارم کے مبینہ غیر قانونی استعمال پر کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

Watch Live Public News