اسلام آباد: پاک فوج نے سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے وفاقی حکومت کو خط لکھا دیا۔ پاک فوج نےارشد شریف قتل کی انکوائری کمیشن بنانےکی درخواست کردی۔خط میں کہا گیا ہے کہ ارشد شریف کی موت کی تفصیلی تحقیقات کی جائیں،الزامات لگانےوالوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے، الزامات لگانے والوں کیخلاف آئین وقانون کے مطابق کاروائی کی جائے۔ اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ روز کینیا میں نامور صحافی ارشد شریف کے ساتھ پیش آنے والے اندوہناک واقعے پر میری کینیا کے صدر سے بات ہوئی تھی۔ کینیا کے صدر نے اس واقعے پر میرے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔ آج میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اس واقعے کی عدالتی کمیشن کے ذریعے شفاف تحقیقات کرائیں۔ اس ضمن میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج کے لئے درخواست دیں گے۔ کابینہ سے بھی اس فیصلے کی باقاعدہ توثیق کرائیں گے۔ میں قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم سب کے لیے اس انتہائی افسوس ناک واقعے کی بے لاگ اور شفاف تحقیق ہوگی اور حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔