کورونا ویکسینیشن کے لیے ملک بھر میں 40 سال سے زائد عمر کے افراد کی رجسٹریشن منگل سے شروع ہو گی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے سربراہ اسد عمر کا ایک ٹویٹ میں کہنا تھا کہ آج این سی او سی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ منگل سے چالیس سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسینیشن کے لیے رجسٹریشن ہو گی جبکہ 50 سال سے زائد عمر کے رجسٹرڈ افراد بھی ویکسین کے لیے آ سکتے ہیں۔
اسد عمر نے 40 سال سے زائد عمر کے افراد سے کورونا ویکسین کے لیے اپنے آپ کو رجسٹرڈ کرانے کی اپیل کی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے ویکسین کی کل تین کروڑ پانچ لاکھ خوراکوں کی خریداری کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ویکسین دوست ملک چین سے خریدی۔ پاکستان نے ویکسین کی خریداری تین چینی کمپنیوں سے کی۔ پاکستان نے ساینو ویک کی 50 لاکھ خوراکوں کی خریداری کی۔ کینسائنو بائیو ویکسین کی سنگل ڈوز دو کروڑ خوراکیں خریدی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے سائنو فارم ویکسین کی 55 لاکھ خوراکیں خریدی ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر کی انتہائی شدید ہے جس کی وجہ سے روزانہ اموات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔