ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے کے خلاف دائر اپیلوں میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کو 30 اپریل 2025 کو سماعت کے لیے مقرر کیا ہے۔ قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بنچ ان اپیلوں کی سماعت کرے گا۔
یاد رہے کہ احتساب عدالت نے 17 جنوری کو 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ سنایا تھا، جس کے تحت بانی پی ٹی آئی کو 14 سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی جبکہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید اور جرمانے کا حکم دیا گیا تھا۔ دونوں نے اس فیصلے کے خلاف 27 جنوری کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کی تھیں۔
بعد ازاں، 17 اپریل کو عدالت نے کیس کی جلد سماعت کے لیے دائر درخواستوں کو منظور کرتے ہوئے اپیلوں کو فوری سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔
اب 30 اپریل کو دونوں اہم اپیلوں پر باضابطہ سماعت ہوگی، جسے ملکی سیاسی اور قانونی حلقوں میں بڑی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔