لاہور میں شدید بارش، پانی گھروں میں داخل، ٹریفک کی روانی متاثر

لاہور میں شدید بارش، پانی گھروں میں داخل، ٹریفک کی روانی متاثر
کیپشن: لاہور میں شدید بارش، پانی گھروں میں داخل، ٹریفک کی روانی متاثر

ویب ڈیسک: لاہور میں شدید بارش سے جل تھل ایک ہو گیا۔ نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی۔

محکمہ موسمیات نے 25 سے 26 اگست کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہوئی تھی جس کے نتیجے میں جانی و مالی نقصانات ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا تھا۔ اس لیے پورے ملک میں متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ بارشوں سے وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور کشمیر کے میرپور میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے جس سے ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے۔ اس دوران مقامی اور بارانی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خطرہ ہے۔

اس کے علاوہ شمالی پنجاب کے نشیبی علاقے نارووال، سیالکوٹ، گجرات، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ اور لاہور میں موسلادھار بارشوں سے زیر آب آنے کا امکان ہے۔ لوگوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

موسلا دھار بارش، آندھی اور گرج چمک کے باعث کمزور انفراسٹرکچر جیسے کچے مکانات، دیواروں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز، سولر پینلز اور گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کی توقع ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ہونے والی طوفانی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ابھی تک ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ پاک فوج کی امدادی ٹیموں نے بونیر اور شانگلہ میں سیلاب متاثرین میں راشن، کھانے پینے کی اشیاء اور دیگر اشیائے زندگی تقسیم کیں۔

پاک فوج کی میڈیکل ٹیموں نے متاثرین علاقہ کا طبی بھی معائنہ کیا۔ اہل علاقہ نے پاک فوج کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ متاثرین کی بحالی تک پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Watch Live Public News