(ویب ڈیسک )صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں پلاسٹک بیگز پر پابندی عائد کردی گئی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صفا کوئٹہ اینٹی گریٹڈ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ پروجیکٹ کا اجلاس ہوا۔جس میں شہر کی صفائی ستھرائی و خوبصورتی سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہرکے 84 وارڈز سے روزانہ ایک ہزار ٹن کچرا اٹھایا جارہا ہے،اب تک شہر سے 2 لاکھ 81 ہزار ٹن کچرا اٹھایا جاچکا ہے، شہر کے 18 نالوں کی صفائی مکمل کی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ اینٹی گریٹڈ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ پروجیکٹ کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی ۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پلاسٹک بیگز پر پابندی سے ماحول کو محفوظ اور شہر کو صاف بنانے میں مدد ملے گی، حکومت کے اقدامات کی کامیابی عوامی تعاون سے مشروط ہے۔
انہوں نے کہا کہ پلاسٹک بیگز کے متبادل ماحول دوست تھیلے استعمال کرنے کی ضرورت ہے، بلوچستان کا دارالحکومت کوئٹہ ماحولیاتی بہتری کا ماڈل شہر بنے گا۔