(ویب ڈیسک ) غزہ میں حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ خلیل الحیہ نے غزہ کے مستقبل اور اسلحہ سپرد کرنے سے متعلق اہم بیان دیا ہے۔
خلیل الحیہ نے غیر ملکی خبر ایجنسی کو انٹرویو میں کہا کہ حماس دشمن کو جنگ دوبارہ شروع کرنے کا کوئی بہانہ نہیں دے گی۔ غاصب اسرائیل جنگ کے دوران اپنے تمام اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے 72 گھنٹے بعد حماس نے 20 اسرائیلی قیدیوں کو رہا کیا اور 17 قیدیوں کی لاشیں واپس کر دی ہیں، مزید مقامات پر کارروائی کی جائے گی تاکہ باقی لاشوں کو بھی نکالا جا سکے۔
خلیل الحیہ نے اعلان کیا کہ غزہ کی تمام انتظامی و سلامتی ذمہ داریاں مقامی انتظامی کمیٹی کے حوالے کی جائیں گی۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جنگ بندی کی نگرانی کے لیے بینالملی فورس کی تعیناتی پر بھی حماس اور فتح کے درمیان اتفاق ہو چکا ہے۔
انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ہدف قومی انتخابات اور فلسطینی اتحاد کی بحالی ہے، کیونکہ ہم ایک قوم اور ایک حکومت چاہتے ہیں۔
خلیل الحیہ نے مزید کہا کہ ہمارا اسلحہ اسرائیلی قبضے کے خاتمے تک ہمارے پاس رہے گا اور آزادی کے بعد اسے حکومت کے سپرد کر دیا جائے گا۔